اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر کے دورہ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھرپور طریقے سے سجایا گيا ہے۔ چینی صدرکا طیارہ نور خان ایئربیس پر لینڈ کرے گا، جہاں انھیں اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی، صدر، وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان صدر شی جن پنگ کا استقبال کریں گے۔ اسکولوں کے بچے اور بچیاں روایتی لباس میں چینی صدر کو گل دستے پیش کریں گے۔ چینی صدر کی آمد کے راستے کو خیر مقدمی کلمات، پاک چین دوستی کی عکاسی کرتے بڑے بڑے بل بورڈزاور بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔ مہمان صدر کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی اقتصادیات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کے موقع پر اربوں ڈالر مالیت کے معاہدوں کو تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ کہا جا رہا ہے۔ بیس اپریل سے شروع ہونے والے چینی صدر کے دورے کے دوران سب سے زیادہ معاہدے توانائی اور مواصلات کے شعبے سے متعلق ہیں۔ اس دورے کے دوران تقریبا چھیالیس ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
دوسری جانب ہندوستان کے نیول چیف ایڈمرل روبن دھون نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعاون پر نظر رکھے ہوئے ہیں خاص طور پر اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان آبدوزوں کے معاہدے پر گہری نظر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ ڈیزل الیکٹرک آبدوزوں کا معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔ یہ معاہدہ چین کی سب سے بڑی ایکسپورٹ میں سے ہو گا۔ پاکستان ان آبدوزوں کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے پاکستان کی بحری قوت میں بےپناہ اضافہ ہو جائے گا۔
.......
/169